وقف ترمیمی بل کے خلاف ہر انصاف پسند اپنی رائے یا تجویز جے پی سی کو ضرور دے : مولانا محمد الیاس خان فلاحی
ممبئی: جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر کے امیر نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا ہے کہ وقف ترمیمی بل 2024 ء حکومت ہند نے پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے جس کی منشاء وقف قانون کو مضبوط کرنے کی نہیں بلکہ وقف کی جائیدادوں پر ناجائز تسلط کی ہے۔
وقف ایک خالص دینی اور مذہبی مسئلہ ہے، اوقاف اللہ کی ملکیت ہیں جو رضائے الٰہی کے لیے لوگوں کے نفع کی غرض سے جو اللہ کے نیک بندوں نے ہمارے اسلاف فی سبیل اللہ وقف کی ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے خالصۃ رضائے الہی کی خاطر اپنی زمینیں، جائیدادیں ، اپنی ملکیت کی چیزیں اللہ کی راہ میں وقف کی ہیں۔ ہمارے ملک میں وقف جائیدادوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے وقف قانون بنایا گیا تھا، جس میں اب تک کئی ترمیمات کی جاچکی ہیں، گزشتہ حکومتوں کا بنایا ہوا وقف ایکٹ وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے بڑی حد تک کامیاب ہے۔ جو کچھ خامیاں کمزوریاں ایکٹ میں ہیں ہم ہی اس کے مجاز ہیں کہ انہیں دور کریں۔
لیکن موجودہ حکومت ہند نے حالیہ دنوں میں جو وقف ترمیمی بل 2024 ء پارلیمنٹ میں لایا ہے، اسکی شقیں نہ صرف قانون شریعت سے متصادم ہیں بلکہ مجوزہ وقف ترمیمی بل ایسا ہے جسکی وجہ سے وقف جائیدادوں پر قبضہ کی راہیں ہموار ہوتی ہیں نیز تجویز کردہ تبد یلی ضلع کلکٹر کو وقف جائیدادوں کے سلسلے میں با اختیار دیتی ہے کہ وہ یہ فیصلہ کر سکے کہ کوئی جائیداد وقف کی ہے اور کون سی نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے وقف املاک کی حیثیت اور نوعیت خطرے میں آجائے گی مولانا فلاحی نے فرمایا کہ
مسلمانان ہند کو بڑی تعداد میں اپنی رائے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کو ضرور بھیجنی چاہیے۔ اس کیلئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا نے ایک QR کوڈ جاری کیا ہےجس کے ذریعے بآسانی اپنی رائے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کرسکتے ہیں۔ رائے بھیجنے کے لیے QR کوڈ کو اسکین نیچے دئے گئے لنک گوگل کروم میں پیٹ کریں اوپن کرنے کے بعد ہندی یا انگریزی زبان منتخب کرنے کے بعد جی میل کھولیں” پر کلک کریں، جواب میں کھلنے کے بعد صرف سینڈ ہی کے بٹن پر کلک کرنے سے آپ کا احتجاج درج ہوجائے گا۔
مولانا نے مہاراشٹرا کے تمام ائمہ مساجد سے گزارش کی ہے کہ بورڈ سے جو QR کوڈ جاری کیا گیا ہے اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں۔ اور ملت اسلامیہ سے گزارش کریں کہ وہ آپ ا پنے گھر والوں کا اور دوست احباب کا احتجاج درج کروائیں۔
ساتھ ہی جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کی جانب سے اوقاف کے ضمن میں ایک خطبہ جمعہ تیار کیا گیا ہے اس کابھی استعمال کرتے ہوئے اس موضوع پر اپنی مساجد میں تقریر کریں۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ نے ہمیں جو ہدایات جاری کی ہیں ان کے مطابق کاموں کو انجام دیں۔
مولانا نے فرمایا کہ یہ وقف ترمیمی بل 2024 ء ہندوستان کے سیکولر اور جمہوری اصولوں کے سراسر خلاف ہے اور مسلم اقلیتوں اور انصاف پسند شہریوں کے جذبات کو شدید پہنچانے والا ہے، یہ بل مسلمانوں کیلئے نا قابل قبول ہے۔ لہذا ہم تمام ملت اسلامیہ کے افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا احتجاج درج کروائیں۔ وقت بہت کم ہے۔
جاری کردہ:
ارشد شیخ
سکریٹری، شعبہ میڈیا جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر
ایڈریس: دارالفیض، ساتویں منزل، اقبال کمالی جنکشن، 4 سانکلی اسٹریٹ
مدن پورہ، بائیکلہ (مغرب) ممبئی – 400008
موبائل: 9717424918 ای میل: mediacell@jihmaharashtra.org