ناسک: 16 ستمبر
15 ستمبر 2024 کو نیشنل اردو ہائی سکول اور جونیئر کالج، روہین کھیڑ میں ” محاسن اخلاق، آزادی کے ضامن” کے عنوان سے ایک اہم تعلیمی پروگرام اور مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت محمد شکیل انجینئر صاحب نے کی۔
پروگرام کا آغاز آصف خان سر، دھا من گاؤ بڑے کی جانب سے مہم کے تعارف سے ہوا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ مہم جماعت اسلامی ہند حلقہ خواتین کی طرف سے انجام دی جا رہی ہے۔ آپ نے بتایا کہ انسان کی حقیقی آزادی اللہ کی غلامی میں ہے، نہ کہ اپنی من مرضی کی زندگی گزارنے میں۔
ماہر تعلیم اور Motivational اسپیکر جناب محمد شکیل انجینئر صاحب آکولہ ،نے اپنے صدارتی خطاب میں تعلیم کی معنویت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تعلیم صرف معلومات کا نام نہیں،رٹا مارنے کا نام نہیں بلکہ اسے سمجھنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے طالبات کو خاص طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ایک اعلیٰ مقام عطا کیا ہے، جس کا احترام کرنا اور اپنی قوم و ملت کا نام روشن کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اخلاق کو پروان چڑھانے اور برائیوں سے بچنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود کے اندر رہ کر زندگی گزارنے میں ہے ۔
پروگرام کے اختتام پر ندیم سر، روہین کھیڑ نے اظہارِ تشکر کیا اور خصوصی طور پر انجینئر شکیل صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت محمد ذاکر سر نے بڑی عمدگی سے انجام دی۔
پروگرام میں نیشنل اردو ہائی سکول اور جونیئر کالج، روہین کھیڑ کے سیکرٹری ڈاکٹر یعقوب صاحب،ضلع پریشد اردو اعلی پرائمری اسکول دھامن گا بڑے کے صدر مدرس محمد عقیل سر، عبدالحمید صاحب (امیر مقامی، جماعت اسلامی دهامن گاؤں بڑے)، حافظ امین صاحب، یاسین سر (روہین کھیڑ)، شیخ رفیق صاحب، اور جنید شاہ نے بھی شرکت کی۔
پروگرام کے اختتام پر طلبہ و طالبات میں مہم سے متعلق 100 فولڈرز تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے پروگرام اور مہم پر مثبت تاثرات دیے اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگرامز سماج میں بیداری اور اخلاق کی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔