اسلامی تاریخ کے ہر صفحہ پر صحابہ کرام کی قربانیوں کے نقوش ثبت ہیں:اسجد ندوی

قصبہ زیدپور کی مسجد قبا نور کالونی میں "اسلام اور صحابہ کرام کی قربانیاں” کے عنوان پر جلسہ

بارہ بنکی(محمد مدثر):اسلامی تاریخ کے ہر صفحہ پر صحابہ کرام کی قربانیوں کے نقوش ثبت ہیں امت مسلمہ جس طرح نبی اکرمؐ کے احسانات کو فراموش نہیں کر سکتی ہے اسی طرح صحابہ کرام کے احسانات سے بری نہیں ہو سکتی ہے حضور اکرمؐ کا فرنانِ عالیشان ہے کہ میرے صحابہ مثل ستارے ہیں، اقتدا کر لو کامیاب ہو جاؤ گے، ہمیں صحابہ کرام کی سیرت کا بڑی ہی گہرائی اور محبت کے جذبہ کے ساتھ مطالعہ کرنا چاہئے مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا محمد اسجد ندوی خطیب بڑی عید گاہ نے مسجد قبا محلہ نور کالونی میں”اسلام اور صحابہ کرام کی قربانیاں” کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم مسلمانوں کے پاس جو بھی معمولی دینی حمیت و غیرت اور اسلامی شعائر کی پابندی ہے وہ سب ان مقدس و متبرک ہستیوں کے اخلاص و للہیت کا نتیجہ ہے، جو خود گم گشتہ راہ تھے وہ ہادی و مہدی بن گئے۔
مفتی عبد الحلیم مظاہری امام و خطیب قدیم عیدگاہ زیدپور نے عوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظمت صحابہ کرام ایک ایسا عظیم اور جلی عنوان ہے جس کا حق کوئی بھی مقرر ادا نہیں کر سکتا ہے، صحابہ کرام نے ایمان لانے کے بعد اپنی پوری زندگى اسلام کے نام پر وقف کر دی تن من دھن سب کچھ اللّٰہ کے راستہ میں لگا دیا تھا اسی لئے اللّٰہ نے ان سے ابدی رضا مندی کا اعلان قرآن پاک میں کر دیا ہے، جو قیامت تک ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا رہے گا۔
امام مسجد حافظ محمد عمران کی صدارت و قاری محمد عثمان ندوی کی نظامت میں منعقد ہونے والے جلسہ کا آغاز قاری عبد الرحیم دریابادی کی تلاوت و ابو ہریرہ کی نعت پاک سے ہوا۔
اس موقع پر مولانا محمد خالد ندوی،مولانا نظام الدین ثاقبی،ابرار الحق،حافظ ابو ہریرہ،محمد مسلم،حافظ محمد ریحان کے علاوہ اطراف و جوانب کے لوگ موجود تھے۔ جلسہ کا اختتام مفتی عبد الحلیم مظاہری کی دعا پر ہوا۔ اگلا پروگرام 6 ربیع الاول بروز منگل مسجد باقی شہیدن پانی ٹنکی میں ہوگا جس کو مفتی صلاح الدین ندوی مہتمم دارالعلوم عثمانیہ درگاگنج کاکوری لکھنؤ،مولانا محمد اسجد ندوی اور مولانا ابو دجانہ ندوی "اتباع رسول کی افادیت و اہمیت اور ضرورت” کے عنوان پر خطاب فرمائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے