پٹنہ، 13ستمبر (پریس ریلیز)بہار ریاستی جنتا دل یونائیٹڈ کے خواتین سیل کی صدر کے طور پر محترمہ بھارتی مہتا کی دوبارہ نامزدگی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اہم فیصلے پر پٹنہ نگر نگم وارڈ نمبر 53 کی سابق کونسلر اور جے ڈی یو کی فعال و متحرک رہنما محترمہ گلفشاں جبیں عرف سُگن نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ مہتا کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہیں۔ محترمہ جبیں نے کہا کہ محترمہ مہتا کی قیادت میں جے ڈی یو کی خواتین سیل مزید مضبوط ہو گی اور وزیر اعلی نتیش کمار کے ذریعے خواتین کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جاسکے گا۔محترمہ گلفشاں جبیں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں خواتین کے حق میں کیے جانے والے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق اور ان کی فلاح کے لیے کیے گئے اقدامات کو عوام میں اجاگر کرنا ضروری ہے۔ تاکہ عوام کو آگا ہی حاصل ہو جس کی بدولت 2025 کے اسمبلی انتخابات میں جے ڈی یو کو شاندار کامیابی حاصل ہو۔محترمہ جبیں نے اس نامزدگی کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار، پارٹی کے قومی کارگزار صدر سنجے جھا، اور ریاستی صدر اُمیش کشواہا کی جانب سے ایک مدبرانہ اور دور اندیشانہ فیصلہ قرار دیا ہے جو پارٹی کی مزید تقویت اور ترقی کا باعث بنے گا۔سیاست میں خواتین کا بڑھتا ہوا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہےاور جنتا دل یونائیٹڈ کی خواتین سیل اس کی عکاسی کرتی ہے۔ محترمہ بھارتی مہتا کی دوبارہ نامزدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی خواتین کو قیادت کے اہم مقامات پر دیکھنا چاہتی ہے تاکہ وہ اپنے حقوق اور مسائل کی مؤثر نمائندگی کر سکیں۔ خواتین سیل کی مضبوط قیادت نہ صرف پارٹی کے ووٹ بینک کو مضبوط کرے گی بلکہ خواتین کی سیاسی اور سماجی حیثیت کو بھی بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔محترمہ بھارتی مہتا کی قیادت میں جے ڈی یو کی خواتین سیل پارٹی اور ریاست دونوں کے لیے اہم فیصلے کرنے میں مؤثر ثابت ہو گی، اور یہ نامزدگی خواتین کے سیاست میں کردار کی مسلسل بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔