بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)
رسولِ کائنات، فخرِموجودات محمدعربی ﷺ کو خالق ارض و سماء نے نسلِ انسانی کے لیے نمونہٴ کاملہ اور اسوہٴ حسنہ بنایا ہے۔ آپ کی سیرت قدم قدم پر ہمارے لئے نمونہ ہے۔ اور آپ کے طریقے کو فطری طریقہ قرار دیا ہے۔ محسن انسانیت کے معمولات زندگی ہی قیامت تک ہمارے لئے شعار و معیار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سیرة النبی کا ہرگوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔ یومِ ولادت سے لے کر روزِ رحلت تک کے ہر ہر لمحہ کو قدرت نے لوگوں سے محفوظ کرادیا ہے آپ کی ہر ادا کو آپ کے متوالوں نے محفوظ کر رکھا ہے۔ اور سند کے ساتھ تحقیقی طور پر ہم تک پہنچا دیا ہے۔ لہٰذا سیرة النبی کی جامعیت و اکملیت ہر قسم کے شک و شبہ سے محفوظ ہے۔ دنیائے انسانیت کسی بھی عظیم المرتب ہستی کے حالات زندگی ، معمولات زندگی ، انداز و اطوار ، مزاج و رجحان ، حرکات و سکنات، نشست و برخاست اور عادات وخیالات اتنے کامل و مدلل طریقے پر نہیں ہیں جس طرح کہ ایک ایک جزئیہ سیرة النبی کا تحریری شکل میں دنیا کے سامنے ہے۔ یہاں تک کہ آپ سے متعلق افراد اور آپ سے متعلق اشیاء کی تفاصیل بھی سند کے ساتھ سیرت و تاریخ میں ہر خاص و عام کو مل جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار مدرسہ جامعہ مدینۃ العلوم رسولی کے صدرالمدرسین مولانا مقبول احمدقاسمی نے مدرسہ دارالامین للبنات سعادت گنج کے جلسہ میں کیا۔ جلسہ کا آغاز قاری محمدحسان کی تلاوت سے ہوا۔ جبکہ نظامت کے فرائض مولانا فرمان مظاہری نے دئے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں خواتین،مدرسے کے اساتذہ اور طالبات موجود رہیں۔