استغاثہ کی حتمی بحث جاری، مقدمہ آخری مراحل میں
ممبئی 20/ ستمبر
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ مقدمہ کی سماعت آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ سرکاری اور دفاعی گواہان کی گواہی مکمل ہونے کے بعد استغاثہ نے حتمی بحث کا آغاز کیا تھا جو اب ختم ہونے کے قریب ہے۔ استغاثہ کی بحث کے اختتام کے بعد دفاعی وکلاء کا بحث کا آغاز کریں گے۔ گذشتہ دو ماہ سے سرکاری وکلاء حتمی بحث کررہے ہیں۔آج خصوصی این آئی اے عدالت کے جج اے کے لاہوٹی نے تمام دفاعی وکلاء کو حکم دیا کہ وہ پیر کے دن سے حتمی بحث کے اختتام تک تمام ملزمین کو عدالت میں موجود رہنے کے لیئے مطلع کریں۔
ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ شدید بیمار ہے اور فی الحال اسپتال میں زیر علاج ہے، ملزمہ کی آنکھ کی روشنی کم ہوتے جارہی اور اسے دیگر امراض بھی لاحق ہیں لہذا عدالت ملزمہ کی عدالت میں حاضری میں رعایت دے جس پرخصوصی جج نے کہا کہ پیر کے دن اس تعلق سے غور کیا جائے گا۔
آج عدالت میں خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال اور انو شری رسال نے حتمی بحث کا آغاز کیا اور عدالت کو اس مقدمہ کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے تعلق سے عدالت میں سرکاری گواہان کی جانب سے دیئے گئے بیانات کی روشنی میں بحث کی۔ وکلاء استغاثہ نے ملزمہ کے خلاف عدالت میں موجود زبانی اور دستاویزی ثبوت خصوصی جج کو بتائے۔
وکلاء استغاثہ نے آج ملزم رمیش اپادھیائے کے خلاف بھی موجود ثبوت و شواہد کی روشنی میں حتمی بحث کی۔ وکلاء کی استغاثہ کی حتمی بحث آج نا مکمل رہی جس کے بعد عدالت نے اپنی کاررائی کل تک کے لیئے ملتوی کردی۔
خصوصی جج اے کے لاہوٹی نے اے ٹی ایس کی جانب سے اس مقدمہ کی تفتیش کرنے والے اے سی پی موہن کلکرنی کو پیر کے دن عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت موہن کلکرنی سے اس کے ذریعہ کی گئی تفتیش پر کچھ پروضاحت چاہتی ہے۔
دوران سماعت آج عدالت میں این آئی اے کی جانب سے ایڈوکیٹ اویناس رسال، ایڈوکیٹ انو شری رسال جبکہ بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم(جمعیۃ علماء مہاراشٹر ارشد مدنی)موجود تھے جبکہ ملزمین میں سے صرف ملزم سمیر کلکرنی حاضر تھا۔
اس مقدمہ میں استغاثہ نے ملزمین کے خلاف گواہی دینے کے لیئے عدالت میں 323 / سرکاری گواہان کو پیش کیا جبکہ ملزمین نے اپنے دفاعی میں صرف 7/ دفاعی گواہان کو پیش کیا۔ یہ 7/ دفاعی گواہان کو ملزم کرنل پروہت نے عدالت میں طلب کیا تھا، بقیہ ملزمین نے دفاعی گواہان کو طلب کرنا ضروری نہیں سمجھا۔
اس ماہ کی 29/ تاریخ کو اس مقدمہ کو 16/ سال مکمل ہوجائے گا۔ جس رفتار سے مقدمہ چل رہا ہے ایسا لگ رہا یہ مقدمہ اگلے چند ماہ میں ختم ہوسکتا ہے بشرط کہ دفاعی وکلاء حتمی بحث جلد جلد مکمل کریں۔
واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ کی سماعت روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔