بن کے الطاف، کرم، رحم، محبت کا وجود
سب کو سینے سے لگانے مرے سرکار آئے
بارہ بنکی، (ابوشحمہ انصاری)
سعادت گنج کی سرگرم و فعال ادبی تنظیم "بزمِ ایوانِ غزل” کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان سالانہ نعتیہ طرحی نشست راشد ظہور کی صدارت میں آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں منعقد ہوئی جس میں بطور مہمانانِ خصوصی عاصی چوکھنڈوی اور اثر سیدنپوری نے شرکت کی، نشست کی نظامت کے فرائض آفتاب جامی نے اپنے مختلف انداز میں بحسن و خوبی انجام فرمائے نشست کا آغاز طالب نور کی حمد پاک سے ہوا اس کے بعد دئے گئے مصرع طرح
"سب کو سینے سے لگانے مرے سرکار آئے”
پر باقائدہ طور پر نعتیہ طرحی نشست کا آغاز ہوا، پروگرام بہت ہی زیادہ کامیاب رہا، پسندیدہ اشعار کا انتخاب نذرِ قارٸین ہے ملاحظہ فرمائیں،
کس قدر اوج پہ ہے دائی حلیمہ کا نصیب
بکریاں ان کی چرانے مرے سرکار آئے
راشد ظہور
اے شجر چل کے گواہی دے نبی کی تو بھی
اب تجھے چلنا سکھانے مرے سرکار آئے
عاصی چوکھنڈوی
بن کے الطاف، کرم، رحم، محبت کا وجود
سب کو سینے سے لگانے مرے سرکار آئے
ذکی طارق بارہ بنکوی
یہ حقیقت ہے کہ بے نور تھی پہلے نیا
اس کو پُر نور بنانے مرے سرکار آئے
اثر سیدنپوری
مجھ گنہگار کو ایمان کی دولت دے کر
نارِ دوزخ سے بچانے مرے سرکار آئے
مشتاق بزمی
سامنے رب کے تھا میں اور تھے اعمال مرے
بات بگڑی تھی بنانے مرے سرکار آئے
اسلم سیدنپوری
شمع فاراں پہ جلانے مرے سرکار آئے
روشنی سب کو دکھانے مرے سرکار آئے
باسط رامپوری
ایک رب کے سوا معبود نہیں ہے کوئی
یہ بڑی بات بتانے مرے سرکار آئے
آفتاب جامی
اشک اب پونچھ لو آنکھوں سے گنہگارو تم
سب کو سینے سے لگانے مرے سرکار آئے
راشد رفیق
حشر میں دھوپ کی شدت سے بچانے کو شفیق
اپنی کملی میں چھپانے مرے سرکار آئے
شفیق رامپوری
دفن اب زندہ نہیں ہوگی کوئی بھی بیٹی
لاج بیٹی کی بچانے مرے سرکار آئے
ارشد عمیر صفدرگنجوی
چاند سورج کی عبادت جو کیا کرتے تھے
ان کو آئینہ دکھانے مرے سرکار آئے
عاصم اقدس رامپوری
غمزدوں اور یتیموں کا سہارا بن کر
سب کو سینے سے لگانے مرے سرکار آئے
ماہر رامپوری
حق کا پیغام سنانے مرے سرکار آئے
جام وحدت کا پلانے مرے سرکار آئے
ابوذر انصاری
ان شعراء کے علاوہ علی بارہ بنکوی، سحر ایوبی اور طالب نور نے بھی بارگاہِ رسالت میں بطور نذرانہء عقدت اپنا اپنا طرحی نعتیہ کلام پیش کیا، بطور سامعین ماسٹر محمد وسیم، ماسٹر محمد قسیم، ماسٹر محمد حلیم، صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں۔ "بزمِ ایوان غزل” کی آئندہ ماہانہ طرحی نشست مندرجہ ذیل مصرع طرع
"آئی نہ راس لیکن مجھ کو تری محبت”
قافیہ:- تری
ردیف:- محبت
پر 27/ اکتوبر بروز اتوار ہوگی۔