پرسونی ۔مدہوبنی (پریس ریلیز)11/اکتوبر ۔الہدی ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ پرسونی کے چیرمین اور بستی پرسونی کے فکرمند داعی و مخلص خادمِ قوم جناب حاجی نثار احمد صاحب کی اہلیہ محترمہ اور جامعہ ام الہدی پرسونی مدہوبنی بہار کے فعّال بانی وناظم جناب مولانا نوشاد احمد صاحب نثاری مفتاحی کی والدہ ماجدہ کو آج جمعہ کے بعد ان کے آبائی وطن پرسونی میں پُرنم آنکھوں کے ساتھ سپردخاک کردیاگیا ،مرحومہ کی نمازِجنازہ ان کے لائق فائق فرزند جناب مولانا نوشاد احمد صاحب مفتاحی نثاری نے پڑھائی،جب کہ نماز جنازہ سے پہلے جناب مولانا انس عبادصاحب صدیقی نے چند تعزیتی کلمات کہے اورحاضرین سے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی درخواست کی، نمازِجنازہ میں اعزہ واقارب سمیت بستی اور قرب وجوار کے ایک جم غفیر نے شرکت کی۔واضح رہے کہ مرحومہ دو دن قبل نصف شب اچانک صاحبِ فراش ہوگئی تھیں ،جس کے بعد فوراً ہی علاج کے لیے انہیں دربھنگہ سی ٹی ہاسپیٹل آئی سی یو میں داخل کرایا گیا،مگروقتِ موعود آچکا تھا،اس لیے علاج کی ہرممکن تدبیر ناکام ثابت ہوئی ،اورآخرش مرحومہ نے اپنے ہنستے کھیلتے خانوادے کو روتا بلکتا چھوڑ کر اپنی جان جان آفریں کے سپرد کردی۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔
آسماں تیری لحَد پر شبنم افشانی کرے
سبزۂ نَورُستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
مرحومہ نہایت خوش اخلاق،خوش گفتار،خوش کردار اور نیک مزاج خاتون تھیں۔ملت کی بچیوں میں دینی فکر بیدار کرنے کے سلسلےمیں ان کا رول ناقابل فراموش ہے،اس حوالے سے وہ جامعہ ام الہدی پرسونی کے پلیٹ فارم سےاپنے خاوند حاجی نثار احمد صاحب کی تمام دینی وملی سرگرمیوں میں معاون بن کر ہر وقت ان کے شانہ بشانہ رہتی تھیں۔
انہوں نے اپنے پیچھے پانچ بیٹے: مولانا نوشاد احمد مفتاحی نثاری ،حافظ ارشاد احمدنثاری ،حافظ نعمان احمد نثاری،حافظ لقمان احمد نثاری ،سلطان احمد نثاری اورچار بیٹیاں چھوڑی ہیں ،اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت کے تعلق سے بھی مرحومہ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں ،یہی وجہ ہے کہ الحمد للہ آج جہاں ان کے چار بچے حفظِ قرآن کی دولت سے مالا مال ہیں ،وہیں ان میں سے ہرایک اپنی اپنی جگہ خوشحال و کامیاب بھی ہیں ،اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرمائے، اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین یارب العالمین ۔
اس موقع پر بستی اورقرب وجوار کی کئی اہم شخصیات جنازہ میں شرکت اور تعزیت کی غرض سے موجودتھیں،جن میں مولانا عبدالمتین اسراہی ،مولانا محفوظ الرحمن سلفی ،مولانا محمد سجاد،مفتی اسعد اللّٰہ قاسمی مظاہری ،مولانا انس عباد صدیقی، مولانا اسرار الحق قاسمی ،ماسٹر انعام الحق،مولانا عظمت علی جوہر ،قاری صبغت اللہ رحمانی ،مولانا محمد حیدر قاسمی ،شاہد حسین(مکھیا) محمد سرفراز (سرپنچ) ایم شمیم ،سابق مکھیا محمد افروز،ماسٹر انوارالحق ،حافظ محمدصدرِ عالم،مولانا نجم العارفین ،محمد کامل اور سراج الصالحین عرف اچھے وغیرہ قابلِ ذکرہیں۔