جامعہ خلفاء راشدین پورنیہ کے احاطہ میں لائبریری کی تعمیر کے موقع پر دعائیہ تقریب منعقد

پورنیہ، 22/اکتوبر  (پریس ریلیز)
علم میں اضافہ کے لیے کتب خانہ ضروری ہے۔کتب خانے ذہنی تفریچ اور علمی ترقی کا ذریعہ ہوتا ہے۔انسان کتابوں کی دنیامیں نہ صرف پریشانیاں اور غم بھول جاتا ہے بلکہ مطالعہ کتب سے اس کی سوچ میں وسعت،ذوق میں شگفتی اور احساس میں نکھار آجاتاہے۔یہ باتیں قاضی شہر مولانا محمد ارشد قاسمی نے جامعہ خلفاء راشدین،پورنیہ کے احاطہ میں کتب خانہ کے تعمیراتی کام شروع ہونے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ضلع جمعیہ علماء  کے جنرل سکریٹری مفتی احمد حسین قاسمی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے نونہال اپنے اندر مطالعہ کا ذوق وشوق پیدا کریں۔ چھوٹی مسجد لائن بازار کے امام وخطیب مولانا مبارک حسین مفتاحی نے کہا کہ جہاں کتب خانے آباد ہوں گے، وہاں تعلیمی ادارے بھی تعلیم و تحقیق میں فعال ہوں گے،جس کا لازمی نتیجہ ملک کی معاشی ومعاشرتی ترقی اور عوام کی خوش حالی ہے۔جامعہ کے ناظم مولانا افتخارالزماں قاسمی نے لائبریری کی باضابطہ عمارت کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے دارالمطالعہ کی مستقل عمارت بن جانے سے طلبا کو استفادہ میں مزید آسانی ہوگی اور دارالمطالعہ کا نظم و انتظام کرنے میں منتظمین کو بھی سہولت رہے گی۔جامعہ کے نائب ناظم مولانا سید طارق انور قاسمی نے کہا کہ کسی بھی ادارے کے لیے دارالمطالعہ ایک اہم شعبہ ہوتا ہے،جو طلبہ کی علمی ترقی میں اہم کردار اداکرتا ہے۔واضح رہے کہ کتب خانہ کی عمارت کے لیے کئی سال قبل مولاناسید ارشد مدنی اور مولانا محمد زکریا سنبھبلی شیخ الحدیث  دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مبارک ہاتھو ں اس کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا تھا۔ البتہ تعمیراتی کام التوا میں پڑا ہوا تھا۔اب اس کا باضابطہ تعمیراتی کام شروع ہوگیا ہے۔
 اس مختصر تقریب میں علماء و ائمہ پورنیہ اور عمائدین شہر کے ساتھ محترم جاوید طفیل صدر بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ259،پورنیہ، انجینئر شبیر صاحب، انجینئر غیاث الدین، پروفیسر مجیب صاحب کے علاوہ جامعہ کے تمام اساتذہ اور طلبہ شریک رہے اورمولانا مبارک صاحب مفتاحی کی دعا پر اس تقریب کا اختتام ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے