ازقلم: انوار الحق قاسمی
ناظم نشر و اشاعت جمعیت علماء ضلع روتہٹ نیپال
درجہ عربی چہارم میں اصول فقہ کی ایک مشہور کتاب "اصول الشاشی”پڑھائی جاتی ہے،جو اصول فقہ کی ایک معروف اور معیاری کتاب ہے۔اس کتاب میں،میں نے پڑھا تھا کہ اگر خداوند عالم لوگوں کی ہدایت کے لیے انبیاء کرام علیہم السلام کا سلسلہ جاری نہ بھی کرتا،پھر بھی انسانوں کے لیے اپنے اذہان و عقول کے ذریعہ ذات خداوندی کی معرفت و اطاعت ضروری ہوتی ۔مگر پھر بھی خداوند عالم نے اپنی حکمت کاملہ کے ذریعے انسانوں کی ہدایت کے لیے نبیوں کا سلسلہ جاری کرکے ہم پر بڑا احسان کیاہے۔ حکمت کاملہ کے پیش نظر انسانوں کی ہدایت کے لیےنبیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہوا،مگر افسوس کہ پھر بھی انسانوں کی ایک لامتناہی تعداد ذات خداوندی کی منکرتھی،اور ہے بھی اور اگر انبیاء کرام کا سلسلہ جاری نہ ہوتا،تو پھر کیا عالم ہوتا،وہ اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔
جملہ انبیاء کرام علیھم السلام میں سے سب آخری اور افضل نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی ہے۔درحقیت جن کی بنا کائنات کو سجایاگیا، جن کی ہم امتی اور پیرو ہیں اور ہمیں بہت فخر بھی ہے کہ ہم سب سے اکرم نبی کی اتباع کرنے والے ہیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر نبیوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے،ان کے بعد اب کوئی نبی نہیں بن سکتا،اس عقیدہ پر ایمان و اعتقاد کے بغیر کوئی مومن ہوہی نہیں سکتا ہے،اگر کوئی ختم نبوت کا منکر ہے،تو وہ کافر اور جہنمی ہے۔
الغرض اللہ اگر نبیوں کا سلسلہ جاری نہ بھی کرتا،پھر بھی ہم پر اللہ کی معرفت و اطاعت ضروری ہوتی،باوجود اس کے اگر کوئی اللہ کو ایک اور خالق نہیں مانتا ہے،تو پھر وہ دنیا کا سب سے بدقسمت انسان ہے۔