آپؐ کو اللہ نے تمام لوگوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا:مولانا امین بہرائچی

مسجد فاطمہ محلہ بنکر کالونی زیدپور میں "سیرت النبیؐ اور پیام انسانیت” کے عنوان سے جلسہ

بارہ بنکی(محمد مدثر):حضرت محمد صلی الله عليہ وسلم کی ذات اقدس کو اللہ تعالیٰ نے دوست و دشمن، شجر و حجر،چرند و پرند ہر ایک کے لئے رحمت بنایا ہے ان خیالات کا اظہار مولانا محمد امین قاسمی بہرائچی نے مسجدِ فاطمہ محلہ بنکر کالونی زیدپور میں مولانا رفیق احمد قاسمی علی آبادی کی صدارت و مولانا ابو دجانہ ندوی کی نظامت میں منعقد جلسہ "سیرت النبیؐ اور پیام انسانیت” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ امت کی کامیابی نبی اکرمؐ کی مان کر چلنے میں ہے، اللہ تعالیٰ نے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کرام کو مبعوث کیا سب کا مشن اور سب کی دعوت ایک کہ خدارا خدا کے بن جاؤ تمہاری آخرت بن سنور جائے گی۔
مولانا محمد اسجد ندوی خطیب بڑی عیدگاہ نے کہا کہ نبی اکرمؐ نے امت مسلمہ کی شیرازہ بندی تو حید و رسالت اور آخرت کو بنیاد بنا کر کی ہے لیکن امت موجودہ دور میں ان بنیادی عقائد کے تعلق سے افراط وتفریط کا شکار ہو گئی ہے جس کے نتیجہ میں مسلم معاشرہ میں رسم و رواج اور بے دینی کی باتیں عام ہو رہی ہیں۔
مولانا نے کہا کہ دین وہی ہے جو نبی اکرمؐ اور صحابہ کرام کی زندگیوں سے ظاہر ہے باقی بے دینی کے راستے ہیں، شریعت و جہالت دین اور بے دینی کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے۔
قبل ازیں جلسہ کا آغاز قاری محمد اسعد کی تلاوت و محمد شہباز اور قاری محمد فرقان کی نعت و منقبت سے ہوا۔
اس موقع پر مفتی عبد الحلیم مظاہری،قاری محمد اسعد حقی،مولانا حکیم الدین قاسمیمولانا ابو عبیدہ ندوی، مولانا محمد خالد ندوی،قاری ابو حنظلہ،حافظ محمد ثاقب،ابو یوسف،محفوظ عالم،ابو بکر،محمد ارشاد،محمد الطاف ممبر کے علاوہ قرب و جوار کے لوگ موجود تھے۔
جلسہ کا اختتام مولانا محمد امین بہرائچی کی دعا پر ہوا۔ اگلا پروگرام اقصیٰ مسجد آزاد نگر میں 12 ربیع الاوّل بروز دوشنبہ "اسلام میں تعلیم اور خدمتِ خلق کی اہمیت” کے عنوان پر منعقد ہوگا جسمیں طلباء اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کریں گے علاوہ ازیں مولانا محمد اسجد ندوی،مفتی صلاح الدین ندوی،مولانا ابو دجانہ ندوی اور قاری محمد عثمان ندوی خطاب فرمائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے