ممبئی، 6 جولائی، آج ممبئی کی ملی تنظیموں کے نمائندگان نے ممبئی کے نومنتخب پولیس کمشنر مسٹر وویک فنسلکر سے عیدالاضحیٰ میں انتظامات اور بندوبست کے سلسلے میں ملاقات کی، اس دوران ممبئی کے جوائنٹ کمشنر مسٹر وشواش ناگرے پاٹل اور اسپیشل برانچ کے ایڈشنل کمشنر مسٹر راجیوجین بھی موجود تھے۔
ابتدا میں نمائندگان نے کمشنر صاحب کو مبارکباد پیش کی کہ انھیں ملک کی تجارتی راجدھانی عروس البلاد ممبئی میں پولیس کے سب سے بڑے عہدے پر فائز ہونے کا موقع ملا، نیز یہ امید ظاہر کی گئی کہ ان کے عہد میں حسب سابق شہر میں امن وقانون کی صورت حال بہتر رہے گی، بلکہ ان کی سابقہ کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ امن وامان، یکجہتی اور مختلف قوموں کے درمیان بھائی چارے میں مزید اضافہ ہوگا ـ
عیدالاضحی کے سلسلے میں کمشنر صاحب سے کہا گیا کہ گزشتہ سالہا سال سے بقرعید کے موقع پر پولیس کی جانب سے جو تعاون ہوتا ہے، اس کو برقرار رکھا جائے، گاڑیوں کی آمد رفت میں اگر کچھ شرپسند رخنہ ڈالیں جیسا کہ کبھی کبھی ہوتا ہے تو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ـ اس کے علاوہ بھی کئی محلوں اور علاقوں میں پیش آنے والے مسائل پر گفتگو ہوئی ـ
کمشنر صاحب نے ممبئی پولیس کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن وامان برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور عیدالاضحی ہمارے ملک کا ایک اہم تہوار ہے، ہم سب کی خواہش ہوگی کی یہ تہوار خیرو خوبی کے ساتھ منایا جائے ـ مسلم نمائندگان نے بھی آخر میں شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ـ
میٹنگ میں مولانا محمود دریابادی، فرید شیخ، عبدالحسیب بھاٹکر، مولانا انیس اشرفی، عمران اعظمی، شاکر شیخ، سلیم موٹر والا، سرفراز آرزو، نعیم شیخ، انس شیخ، سید مہدی رضوی ، محمداسلم، محمداختر وغیرہ شامل تھے۔