سی ڈبلیو سی (کمیونٹی ویلفیئر سینٹر) جوگیشوری مقام پر 27 اگست کو اے پی سی آر (ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس) کے ذریعے ایک پروگرام کیا گیا جس کا مقصد علاقے کی تمام مساجد اور مدارس کے ذمہ داران کو بلانا اور انہیں قانونی معلومات دینا تھا جو ہمیں آئین ہند کے ذریعے حاصل ہوئی ہے لیکن معلومات کی کمی کی وجہ سے ہم اپنے حقوق کے لیے لڑنے میں ناکام رہتے ہیں اور کئی بار ایسا ہوتا ہے۔
جماعت اسلامی ہند ممبئی کے سکریٹری ہمایوں شیخ اور جوگیشوری ایسٹ کے ذمہ دار اور CWC کے انچارج جناب نذیر احمد کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز ریاض بارابنکی اور شیخ سیف اللہ کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا۔ ہمایوں شیخ نے سی ڈبلیو سی سنٹر میں مہمانوں کے سامنے اے پی سی آر کا تعارف اور سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا، اس کے بعد ایڈوکیٹ فضل الرحمن سکریٹری اے پی سی آر ممبئی نے پروگرام کی غرض و غایت پیش کی نیز قانونی سطح پر کیے جانے والے کاموں کا احاطہ کروایا۔ جناب عبدالکریم پٹھان صدر اے پی سی آر
ممبئی) نے اپنی دلیل پیش کی جس میں مسجد کے لاؤڈ سپیکر کی آواز کو قانون اور قانونی حیثیت سے آگاہ کروایا گیا اور مسجد کی تمام دستاویزات کو منظّم کرنے کے متعلق معلومات دی۔ اجلاس میں شریک تمام حضرات نے دلچسپی اور دلجمعی کا اظہار کیا اور اپنی اپنی مساجد و مدارس کے متعلق سوالات کیے جن پر دونوں مقررین نے اطمینان بخش جواب دیے۔ آخر میں علاقے میں بہت سے مسائل پر بات ہوئی اور اُن کے حل کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے دوبارہ ایسا پروگرام کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ ساجد شیخ، محمد علی اور دیگر مقامی لوگوں کے تعاون سے پروگرام کامیاب رہا۔