مدارس کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا شرارت اور اسلامو فوبیا کا مظہر

صدر جمعیۃ علماء ہند محمود اسعد مدنی نے مرکزی وزیر داخلہ کے ایک وزیر مملکت کے اس بیان کو عہدے کی توہین قرار دیا

جمعیة علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے مرکزی وزیر مملکت برائے وزارت داخلہ، بندی سنجے کمار کے ذریعے بعض مدارس کو دہشت گردی کی تربیت گاہ بتانے کی شدید مذمت کی ہے اور اس بیان کو وزارت داخلہ کی حیثیت و معتبریت کی توہین قرار دیا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ان کا بیان شرارت اور اسلامو فوبیا کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ملک کے لیے افسوسناک ہے کہ ایسی سوچ رکھنے والا شخص حکومت کے ایک سنجیدہ، حساس اور ذمہ دار عہدے پر فائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وہ مسلسل ایک مخصوص کمیونٹی کے خلاف ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں۔

مولانا مدنی نے مزید کہا کہ مدارس اسلامیہ اسلامی تہذیب اور ہندوستانی تکثیریت کا ایک اہم حصہ ہیں جو دو صدی سے علم، اخلاقی تربیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا مرکز رہے ہیں۔ مدارس نہ صرف علمی میدان میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں مذہبی رواداری، امن، اور انصاف کی قدروں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ درحقیقت دینی مدارس اس ملک کی عظیم وراثت ہیں اور اس کی شناخت اور ثقافتی تنوع سے وابستہ ہیں۔

مولانا مدنی نے کہا کہ مدارس کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا حقائق کے منافی ہے، بالخصوص ان کے ذریعے مدارس میں جھاڑو سے اے کے 47 بنانے کی بات مضحکہ خیز ہے۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر وزیر داخلہ کو معافی مانگنی چاہیے۔

نیاز احمد فاروقی
سکریٹری، جمعیت علماء ہند

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے