ارریہ ( مجاہد عالم ندوی ) الفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ ، بہار کا معروف و مشہور اور دینی و عصری علوم کا حسین سنگم ادارہ ہے ۔ جس کے چیئرمین جناب ڈاکٹر امان اللہ مدنی حفظہ اللہ عالی ہمت اور جہاں دیدہ شخصیت کے مالک ہیں ۔ اپنے تجربات اور جد وجہد کی بنیاد پر انہوں نے بہت تیزی کے ساتھ ادارے کو نئی اونچائی تک پہنچا دیا ہے ۔ چونکہ ہمارے کئی عزیز و اقارب اس ادارے سے بطور معلم اور متعلم وابستہ رہے ہیں اور میں بھی بذات خود چند مہینوں سے اس ادارے میں بحیثیت معلم تدریسی فریضہ انجام دے رہا ہوں ۔ اس لیے اس سرگرمیوں کو قریب سے جاننے اور دیکھنے کا موقع ملتا رہا ہے ۔ آج بتاریخ 15/ اکتوبر 2024 بروز منگل کیرالہ سے متبحر دانشوروں اور علماء کی آمد پر الفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ بہار کے کانفرنس ہال میں ایک بزم منعقد ہوئی ، طلبہ و طالبات نے بہترین اسلوب میں تلاوت قرآن ، حمد پاک ، انگلش میں تقریریں پیش کیں اور اکیڈمی کے پرنسپل جناب حسنگیرخان صاحب نے تہنیت نامہ پیش کیا ، آئے ہوئے معزز مہمانوں نے یکے بعد دیگرے نہایت ہی قلیل وقت میں بیش قیمتی نصیحتیں کی ، میدان تدریس کے کہنہ مشق معلم و مربی مسٹر صدیق فلاحی حفظہ اللہ نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ : ایک وقت تھا کہ طالبات کے لیے یکسوئی کے ساتھ شریعت مطہرہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنا بڑا پیچیدہ معاملہ تھا لیکن آج اس جیسے دیہی علاقے میں اس طرح کا علمی چمن تعمیر ہونا گویا بچیوں کے لیے پلیٹ میں کھانا سجا کر رکھ دیا گیا ہے اس لیے آپ موقع کو غنیمت جان کر خوب محنت اور سعی پیہم سے تعلیم حاصل کریں ، و بعدہ میدان خطابت کے مشہور و مقبول خطیب شیخ نصر اللہ فلاحی حفظہ اللہ نے مقررانہ انداز میں طالبات کو قیمتی نصیحتیں کی اور بالخصوص وقت کی اہمیت کی تلقین کرتے ہوئے اپنی باتیں ختم کی ۔ اخیر میں مسٹر سفیر الدین صاحب نے اکیڈمی کے تمام طالب علموں سے سرسری امتحانی جائزہ لیا ، بچے اور بچیوں کی اچھی کارکردگی اور متانت و سنجیدگی کو دیکھ کر ان کو داد دی اور مستقبل میں اس محنت کو اسی طرح جاری رکھنے کے حوالے سے بچے اور بچیوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر خصوصی توجہ دے ، دینی تعلیم میں دنیا و آخرت دونوں کی کامیابی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بھی پڑھ لکھ کر ویسا ہی بننا ہے جیسے ہمارے اسلاف تھے انہوں نے اپنے بچوں کو سب سے پہلے ایمانی دولت سے مالا کیا پھر انہیں قرآنی تعلیمات سے روشناس کیا۔ نظامت کے فرائض الفیض ماڈل اکیڈمی کے پرنسپل جناب حسنگیرخان صاحب نے بحسن و خوبی انجام دیا ۔ پروگرام کا اختتام فضیلتہ الشيخ جناب ڈاکٹر امان اللہ مدنی حفظہ اللہ چیئرمین الفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ بہار کے مختصر خطاب اور دعائیہ کلمات سے ہوا ۔