ملک میں جہاں بھی ظلم اور تشدد ہوگا جماعت اسلامی ہند مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی: مولانا الیاس خان فلاحی

  • جالنہ کے انتر والی سراٹی میں جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے وفد کی احتجاج کررہے مراٹھا سماج کے لوگوں سے ملاقات اورامیر حلقہ کا خطاب

ممبئی : جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی نے مراٹھا احتجاجیوں پر پولس فائرنگ کیخلاف سراپا احتجاج مراٹھا سماج کے درمیان پہنچ کر کہا ’’حقوق کی لڑائی میں جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہے ، نیز انہوں نے یہ بھی کہا ملک میں جہاں بھی تشدد اور ظلم یا حق تلفی ہوگی جماعت اسلامی ہند مظلوموں کی حمایت میں ان کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔ انہوں نے کہا ریزرویشن کا مطالبہ مراٹھا سماج کا حق ہے نیز مسلمانوں کو بھی تعلیم اور ملازمت میں ریزرویشن دیا جانا چاہئے تاکہ وہ بھی ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں‘‘ ۔مولانا فلاحی نے جالنہ کے انتر وال سراٹی میں احتجاج میں شامل مراٹھا سماج کے لیڈر منوج جرانگے پاٹل سے ملاقات بھی کی اور جماعت کی جانب سے حمایت کا یقین دلایا ۔ مولانا کہا کہ ملک کے موجودہ پس منظر میں سماجی انصاف ناگزیر ہے ، سماجی انصاف سے قیام امن ممکن ہو پائے گا اور اسی کے ذریعہ امن و خوشحالی کا دور آئے گا ۔ وفد میں شامل افراد میں امیر حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی ، شعبہ ملکی و ملی امور کے سکریٹری عبد المجیب شیخ ، عظیم پاشا میاں ، امجد فاروقی شیخ ابراہیم ، ذاکر بھائی وغیرہ شامل تھے ۔
واضح ہو کہ مراٹھا کمیونٹی ریزرویشن کیلئے احتجاج کررہی ہے اور اس کے لیڈر منوج جارانگے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں ۔ تشدد اس وقت پھوٹ پڑا تھاجب پولس نے منوج جرانگے کو ان کی صحت کی وجہ سے بھوک ہڑتال کی جگہ کو بالجبر تبدیل کرنے کی کوشش کی ۔ پولس کے اس ایکشن نے جرانگے کے مداحوں اور احتجاج میں شامل افراد کو مشتعل کردیا جو وہاں کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ مشتعل احتجاجیوں کی جانب سے پتھرائواور لاٹھی چارج کا سلسلہ شروع ہوا بعد ازاں پولس نے ہوائی فائرنگ بھی کی ۔ اس احتجاج اور پولس کی جوابی کارروائی میں چالیس سے پچاس کے قریب پولس اہلکار اور اسی سے نوے احتجاج کرنے والے افراد زخمی ہوگئے ۔
جماعت اسلامی مہاراشٹر کے شعبہ ملکی وملی امور کے سکریٹری عبدالمجیب نے ہسپتالوں میں عوام اور پولس اہلکاروں سے ملاقات کرکے ان کی مزاج پرسی کی ۔ انہوں نے اعلیٰ پولس افسران اور سابق وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجیش ٹوپے سے بھی ملاقات کی ۔ ان بدلتے ہوئے حالات پر جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر حلقہ نے کہا ”ہم جالنہ تشدد کی مذمت کرتے قیام امن کی اپیل بھی کرتے ہیں ۔ ساتھ ہی ہم اس تشدد کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔ تشدد خواہ پولس کی سفاکی کا مظہر ہو یا کسی شہری گروہ کی جانب سے دونوں یکساں قابل مذمت ہیں اور کسی بھی مہذب سوسائٹی کیلئے ناقابل قبول ہے ۔ جماعت اسلامی ہند سبھی سے اپیل کرتی ہے کہ حالات کو کسی بھی قیمت پر قابو میں رکھیں اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنائيں ۔ آگے بڑھنے کیلئے گفتگو اور باہمی ربط و ضبط ہی واحد راستہ ہے ۔ مہاراشٹر سب سے اعلیٰ ترقی یافتہ ریاست ہے جس کا شاندار تاریخی پس منظر ہے ۔ ہمیں ہر حال میں متحد رہنا ہے اور ریاست کی خوشحالی اور امن کیلئے کام کرنا ہے“۔

جاری کردہ
ارشد شیخ
سیکریٹری شعبہ میڈیا جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر
دارالفیض ساتویں منزل اقبال کمالی جنکشن چوتھی سانکلی اسٹریٹ مدنپورہ بائیکلہ مغرب ممبئی 400008
موبائل 9717424918
ای میل mediacell@jihmaharashtra.org

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے