خالد انور انصاری ایک شریف النفس انسان تھے

مومن رہنماء محمد شہاب الدین انصاری اور محمد عارف انصاری نے ان کے گھر جاکر تعزیت کی

پٹنہ،3؍اگست(پریس ریلیز)
سابق وزیر حکومت بہار اور مجاہد آزادی عبدالقیوم انصاری رحمۃاللہ علیہ کے بڑے صاحب زادے خالد انور انصاری صاحب کا آج صبح 11 بج کر 2 منٹ پر میدانتا ہسپتال پٹنہ میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر تقریبا 86 برس تھی اور کافی عرصے سے بیمار تھے، گزشتہ ہفتہ انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی تدفین بستی پور قبرستان ڈہری آن سون روہتاس میں ہوگی۔ ابھی ان کا جنازہ ہارون نگر سیکٹر- 2 میں واقع ان کے گھر پر رکھا گیا ہے۔ان کے صاحب زادے محمد تنویر عالم انصاری نے بتایا کہ پٹنہ میں ان کی نماز جنازہ جامع مسجد ہارون نگر سیکٹر-2 کے قریب صبح 7 بجے ہوگی۔ اس کے بعد ان کا جنازہ ڈہری آن سون لے جایا جائے گا۔ وہاں ایک بار پھر ظہر کے بعدجنازہ کی نماز ہوگی اس کے بعد تدفین عمل میں آئے گی۔ان کے انتقال پرملال کی خبر سنتے ہی ان کے چاہنے والوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ان کی رحلت کی خبر سنتے ہی تعزیت کے لیے پٹنہ میں ان کے گھر جاکر آل انڈیا مومن کانفرنس کے کارگزار صدر اور بہار اسٹیٹ مومن کانفرنس کے ریاستی صدر محمد شہاب الدین انصاری(سابق ایم ایل اے پٹنہ)اور معروف صحافی و آل انڈیا مومن کانفرنس کے جنرل سکریٹری محمد عارف انصاری نے ان رحلت پر بڑے رنج غم کا اظہار کیا اور انہیں ایک شریف النفس شخصیت کے حامل و عوام کا بے لوث خادم قرار دیتے ہوئے ان کے صاحب زادے تنویر انور انصاری سے مل اظہار تعزیت کیا اور اس غم کی گھڑی ان کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا۔مرحوم رہنماء ڈہری آن سون میں پیدا ہوئے اور پٹنہ میں اسکول کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد جامیہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے اعلی تعلیم حاصل کی۔1973تا77 اور 1985تا90 ڈہری سے کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر بہار قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے اور ٹرانسپورٹ و ڈیری ڈیولپمنٹ کی وزارتیں سنبھالیں۔سمتا پاٹی کے تاسیسی رکن رہے۔ جبکہ سن 2000ء میں آر جے ڈی کے ٹکٹ پر بہار قانون ساز کاؤنسل کے رکن منتخب ہوئے۔علاوہ ازیں دیگر بہت ہی سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں و اداروں سے وابستہ رہے۔ اس موقع پر مرحوم رہنماء کے بڑے سمدھی محمد حفیظ اللہ انصاری ہاورن نگر، مرحوم کے داماد اور ڈاکٹر خالد رشید صبا کے چھوٹے صاحبزادے محمد فیروز عرف گڈو، بہار اردو اکادمی کے سابق سکریٹری شہزاد انور انصاری، معروف صحافی ڈاکٹر انوارالہدی، معروف جے ڈی یو رہنماء خورشید انور (سابق جنرل سکریٹری جےڈی یو)، محمد علیم انصاری ہارون نگر، سابق ڈائریکٹر عربی فارسی ریسرچ انسٹی چیوٹ مدرسہ شمس الہدی پٹنہ ڈاکٹر اعجاز احمد،جے ڈی یو رہنماء شاہد انصاری اور محمد ثاقب کے علاوہ مرحوم کے رشتےداروں دوست و احباب، مخلصین، متوسلین اور چاہنے والے کی بڑی تعداد ان کی تعزیت کے لیے ان کے گھر جمع ہوگئ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے