- مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ
- تفتیشی افسر کی گواہی جاری
ممبئی 5/ اگست
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں چیف تفتیشی افسر (اے ٹی ایس) کی گواہی کا آج اختتام عمل میں آیا۔ تفتیشی افسر موہن کلکرنی سے آج ملزم سمیر کلکرنی نے بذات خود جرح کی اور اس پر اسے جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کرنے اور تین دنوں تک غیر قانونی تحویل میں رکھنے کا الزام عائد کیا۔ سمیر کلکرنی نے گواہ پر مزید الزام عائد کیا کہ پولس نے اسے پوچھ تاچھ کے لیئے بلایا تھا لیکن بعد میں اسے گرفتار کرلیا گیا جبکہ اے ٹی ایس کے اعلی افسران نے اسے یقین دلایا تھا کہ اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ سمیر کلکرنی نے موہن کلکرنی پر مزید الزام عائد کیا کہ اس نے اے ٹی ایس کے اعلی افسران کی ہدایت پر ناصرف اس کے خلاف جھوٹی چارج شیٹ داخل کی بلکہ دیگر ملزمین کے خلاف بھی من گھڑت کہانی گھڑی اور پھر ہزارو ں صفحات پر مشتمل چارج شیٹ عدالت میں داخل کی جس کی بنیاد پر انہیں آٹھ سالوں تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے اذیتیں جھیلنی پڑی اور ضمانت ملنے کے بعد وہ آ ج بھی روزانہ عدالت کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔گواہ استغاثہ موہن کلکرنی نے ملزم سمیر کلکرنی کے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور خصوصی این آئی اے جج اے کے لاہوٹی کو کہا کہ میں نے ثبوت وشواہد کی بنیاد پر ملزم کو گرفتارکیا تھا۔ گواہ استغاثہ سے سمیر کلکرنی کی جرح سے قبل ایڈوکیٹ جے پی مشراء، ایڈوکیٹ سدیپ پاسبولا، ایڈوکیٹ نندو پھڑکے، ایڈوکیٹ سنجیو پونیلکر، ایڈوکیٹ رنجیت سانگلے نے جرح کی تھی، دفاعی وکلاء کی جرح سے قبل خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال نے گواہ استغاثہ سے سوالات کیئے تھے، گواہ استغاثہ موہن کلکرنی نے عدالت کو اس کی جانب سے کی گئی تفتیش کی تفصیلات فراہم کی تھی جوساٹھ صفحات پر مشتمل ہے جبکہ دفاعی وکلاء کی جرح ملا کر موہن کلکرنی کی گواہی تقریبا ً دو سو صفحات پر مشتمل رہی۔
موہن کلکرنی نے اپنی گواہی کا آغاز 14/ جون 2023کو شروع کیا تھا جس کا اختتام آج عمل میں آیا۔ اس مقدمہ میں اب چند ہی سرکاری گواہان بچے ہیں جس میں این آئی اے کے چیف تفتیشی افسر دوبے کی گواہی اہمیت کی حامل ہے۔ این آئی اے کی درخواست پر عدالت نے تین سرکاری گواہان کو سمن جاری کیاہے جس میں دو گواہان اے ٹی ایس کے افسران ہیں جنہوں نے ملزمین کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو کو ریکارڈ کیا تھا اور پھر اسے لفظوں میں تحریر کیا تھا۔موہن کلکرنی کی گواہی کے دوران عدالت میں بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ ارشد شیخ و دیگر موجود تھے۔
ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ میں گواہوں کے بیانات کا اندراج کررہی ہے، ابتک 320گواہوں کی گواہی عمل میں آچکی ہے اور عدالتی کارروائی روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔