دین و شریعت ہی نجات کا واحد راستہ ہے:عبد الحلیم مظاہری

زیدپور کی مسجد امیر حمزہ گڈھی قدیم میں جلسہ "رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم” کے عنوان سے جلسہ

بارہ بنکی(محمد مدثر):حضور اکرمؐ کو اللہ تعالیٰ نے سارے عالم کے لئے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا ہے آپ مادرِ رحم ہی میں تھے کہ آپ کی والدہ محترمہ نے رحمت کے انوار و تجلیات کا مشاہدہ کیا، آپ جب اس جگ جیتی میں تشریف لائے تو آپ کی رحمت کو حضرت حلیمہ سعدیہ اور ان کے خانوادہ نے محسوس کیا مذکورہ خیالات کا اظہار مفتی عبد الحلیم مظاہری امام و خطیب قدیم عیدگاہ زیدپور نے گذشتہ شب مسجدِ امیر حمزہ محلہ گڈھی قدیم میں”رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم” کے عنوان سے منعقد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو وہ آتشی شریعت عطا فرمائی ہے جس کی اتباع کئے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ہے، مسلمانوں کو چاہئے کہ دین و شریعت کو مضبوطی سے تھامیں کیونکہ وہی نجات کا واحد راستہ اور حضور اکرمؐ واحد نجات دہندہ ہیں۔
مولانا محمد اسجد ندوی ناظمِ تعلیمات مدرسہ جامعہ عربیہ نور العلوم نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرمؐ کی دعوت پر پہلے پہل ایمان لانے والے صحابہ کرام جو خاندانی اعتبار سے کمزور تھے دشمن ان پر ٹوٹ پڑے، اور ان کو اپنی ستم ظریفی کا نشانہ بنایا، لیکن ایمانی طاقت نے ان کو وہ ثابت قدمی اور صبر عطا کیا جس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔
مولانا ندوی نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمان پریشان ہیں اگر غور کیا جائے تو دینِ متین سے رشتہ کی کمزوری نظر آئے گی، شریعت کو بالائے طاق رکھ دینا ہی ہم مسلمانوں کا جرمِ عظیم ہے یہی وجہ ہے کہ حکومتیں کبھی طلاق و میراث،کبھی نان و نفقہ اور اوقاف کا سہارا لے کر ہمارے پرسنل لاء اور دین کو بازیچئہ اطفال بنانے کی ناپاک کوشش کر کے ہراساں و پریشاں کر رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسلام سر بنلدی کے لئے آیا ہے اور سر بلند کرنے آیا ہے۔
امامِ مسجد قاری محمد اسعد کی صدارت و مولانا ابو دجانہ ندوی کی نظامت میں منعقد ہونے والے جلسے کا آغاز قاری محمد حسرت علی ندوی کی تلاوت قاری نجیب احمد ثاقبی گھاٹم پوری کی نعت پاک سے ہوا۔
اس موقع پر ابرار الحق،حافظ ابو ہریرہ،حاجی اسلام الدین،حافظ عطاء الرحمٰن،نظام الدین،افضال الرحمٰن،محمد احمد،اسرار الحق،محمد اخلاق،حافظ حفیظ الرحمٰن سمیت لوگ موجود تھے۔جلسہ کا اختتام مفتی عبد الحلیم مظاہری کی دعا پر ہوا۔
اگلا پروگرام مسجدِ فاطمہ بنکر کالونی میں بروز جمعہ مولانا رفیق احمد قاسمی علی آبادی کی صدارت و مولانا ابو عبیدہ ندوی کی نظامت میں "سیرت النبیؐ و پیامِ انسانیت” کے عنوان سے منعقد ہوگا جسمیں مولانا محمد امین بہرائچی اور مولانا محمد اسجد ندوی خطاب کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے