محمد طاہر ندوی
سب ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی
حضرت مولانا سید جلال الدین عمری رحمۃ اللہ علیہ ایک معروف اسلامی اسکالر ، بہترین عالم دین ، مصنف ، محقق ، داعی ، خطیب اور ایک بہترین ماہر تعلیم تھے۔ آپ 1935 میں شمالی آرکوٹ ضلع تمل ناڈو کے ایک گاؤں پٹگرام میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ایک مشہور و معروف ادارہ جامعہ دارالسلام عمرآباد تمل ناڈو سے عالمیت اور فضیلت ( اسلامک اسٹڈیز میں ماسٹرز ) کی ڈگری حاصل کی اس کے بعد مدراس یونیورسٹی تشریف لے گئے جہاں آپ نے فارسی میں منشی فاضل کی پڑھائی کی اور فارغ ہو کر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی تشریف لے آئے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آپ نے انگریزی زبان میں بی اے کیا۔
آپ زمانہ طالب علمی سے ہی جماعت اسلامی ہند سے وابستہ تھے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ نے جے آئی ایچ کے شعبہ تحقیق کے لئے خود کو وقف کر دیا۔ آپ 1956 میں باضابطہ طور پر اس کے رکن بنے۔ دس سال علی گڑھ کے جے آئی ایچ سٹی صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ جون 1986 سے دسمبر 1990 تک آپ جماعت اسلامی ہند کے اردو ماہنامہ ” زندگی نو ” کے ایڈیٹر رہے۔ آپ 1982 سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا سہ ماہی رسالہ ” تحقیقات اسلامی” کے بانی ایڈیٹر بھی رہے۔ اپریل 1990 سے مارچ 2007 تک مسلسل چار مرتبہ جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر اور 2007 سے 2019 تک مسلسل تین بار صدر ( امیر ) کے عہدے پر فائز ہو کر دین کی خدمات انجام دیتے رہے۔
آپ رحمۃ اللہ علیہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر بھی تھے اور 2019 سے جے آئی ایچ شریعہ کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی گراں قدر خدمات بھی انجام دے رہے تھے۔ ایک طرف آپ جماعت کے مشن کو آگے بڑھا رہے تھے تو دوسری طرف اپنے قلم کے ذریعے تصنیف و تالیف کا کام بھی انجام دے رہے تھے۔ آپ نے چالیس سے زائد کتابیں تصنیف کیں اور مختلف رسائل و جرائد میں اسلامی عقائد ، اسلامی نظریات ، اسلامی فقہ اور دعوت اسلامی سمیت مختلف موضوعات پر سینکڑوں تحقیقی مقالے لکھے۔
آپ کا انتقال 26 اگست 2022 بروز جمعہ تقریباً ساڑھے آٹھ بجے نئی دہلی کے الشفاء ہسپتال میں ہوا آپ کے چلے جانے سے علمی حلقوں میں اداسی چھا گئی ہے۔ چہار جانب سے تعزیتی پیغام موصول ہو رہے ہیں۔ ہر کوئی اپنے دکھ درد کا اظہار کر رہا ہے یقیناً آپ کی جدائی دلوں کو مغموم کر رہی ہے اور آپ کا انتقال کر جانا ملت اسلامیہ کے لئے ایک عظیم خسارہ ہے۔ دعا ہے کہ حق تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے ۔ جملہ خدمات کو قبول فرماکر آپ کے درجات کو بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین یارب العالمین