لڑکی دیکھنے آئے اور نکاح کرگئے

الحمدللہ کل بروز اتوار بتاریخ 27 مارچ 2022 کو شعیب عاصم (زیڈ اے سی ممبر ایس آئی او ) اپنے والد،والدہ اور دو بہنوں کے ہمراہ پیپل گاوں راجا،ضلع بلڈانہ سے اچل پور،ضلع امراوتی لڑکی دیکھنے کے سلسلے میں تشریف لے گئے۔ ظہر میں لڑکی پسند کی اور دونوں فریق کے اتفاق رائے سے بعد نمازِ عصر آسان اور مثالی نکاح عمل میں لایا گیا۔ جس میں لڑکی والوں پر کسی قسم کا کوئی خرچ نہیں تھا بلکہ انکے گھر صرف چائے پینے کی شرط پر ہی لڑکے والے آئے تھے۔ الحمدللہ مہر بشکل زیور نقد ادا کیا گیا ۔ دونوں فریقین نے قرآن و سنت کی زندہ مثال پیش کی ۔ کہ "نکاح کو آسان اور زنا کو مشکل بناؤ” ۔

اس نکاح کے ذریعے کئی اسباق ہمارے لیۓ قابلِ تقلید ہے ۔ اس نکاح میں نیک سیرت ، دین دار لڑکی کے انتخاب کو ترجیح دی گئی۔ اس نکاح کے ذریعے بتایا گیا کے اپنے اکلوتے بیٹے کا نکاح سادگی سے کیا جاسکتا ہے ساتھ ہی اپنے خاندان کی اکلوتی بیٹی کا نکاح بغیر کیسی رسم و رواج کے کیا جاسکتا ہے ۔ بیجا رسومات کا ازالہ ہم ہی سے ہو سکتا ہے۔ کب تک لوگ اسلام کی باتیں زبان سے لذت کے ساتھ کرتے رہے گے لیکن بات اسلام پر عمل آوری کی ہو تو ہم پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ اسی بات کی یاد دھانی کے لیئے ملت کے جوانوں کو عمل پر ابھارنے کے لیے نکاح کو عام کرنے کے لیئے شعیب عاصم نے بہترین مثال پیش کی جس نے بیجا رسومات کی کمر توڑ دی ۔

آسان نکاح وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے ۔ دین کو اجنبی بناکر نکاح کو ارمان کے نام پر مشکل بنا کر سماج اپنی موت خود مر رہا ہے نوجوان لڑکے لڑکیاں نکاح میں تاخیر کے سبب زناکو آسان سمجھ کر برائی کے دلدل میں بھنستے جارہے ہیں۔ گھر سے بھاگنے کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں ۔ جہیز کی فراہمی نہ ہونے کے سبب کئی لڑکیاں بوڑھی ہوچکی ، قرض تلے دبے والدین کی خودکشی کے واقعات، سسرال سے جہیز کے نام پر ستائی گئی لڑکیوں کے خودکشی کے واقعات نے سماج کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ اسی لیے ضرورت اس بات کی ہے کے ہم اٹھے عمل کرے اور سماج کو اسلام کا عادی بنائے۔

دونوں خاندان کے لوگ قابل مبارکباد ہے جنہوں نے اس پر رسم دور میں اسلام کی زندہ اور اصل تصویر پیش کی ہے۔

✍🏻فردوس کوثر